وسیم خان کا پی سی بی ویلفیئر فنڈ میں ڈیڑھ ملین روپے عطیہ کرنے کا اعلان
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ تین ماہ اپنے ذاتی اخراجات میں سے ڈیڑھ ملین روپے عطیہ کریں گے۔ جو مالی مسائل سے دوچار سابق کرکٹرز، میچ آفیشلز، اسکوررز اور گراؤنڈز مین کی امداد کیلئے خرچ ہوں گے۔
وسیم خان نے رقم عطیہ کرنے کا یہ رضاکارانہ فیصلہ ان سخت حالات میں کھیل کے اسٹیک ہولڈرز کی مدد کیلئے کیا ہے۔
وسیم خان نے کہا ہے کہ مشکلات میں گھرے ہوئے کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور گراؤنڈ اسٹاف کی مالی معاونت کرنے کا فیصلہ میں نے ذاتی حیثیت میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ میری طرف سے چیئرمین ویلفیئر فنڈ میں ایک چھوٹا سا حصہ ہے جو پہلے ہی کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور گراؤنڈ اسٹاف کی مدد کرنے کیلئے قائم کیا جاچکا ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ میرے خیال میں ایگزیکٹیو ٹیم کے سربراہ کی حیثیت سے مناسب تھا کہ میں ذاتی طور پر آگے بڑھتا اور اس ضمن میں یہ فیصلہ درست ہے۔
چیف ایگزیکٹیو پی سی بی نے کہا کہ پی سی بی کے ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ کرنا ماضی میں روایت رہی ہے مگراس کے برعکس ہم نے آئندہ 12 ماہ کیلئے اپنے اخراجات کو مزید کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف ایک لاکھ روپے یا اس سے کم تنخواہوں والے ملازمین کے معاوضوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر عملدرآمد یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے مالی سال میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ وسیم خان کے اس عمل کی تعریف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسیم خان کی جانب سے آگے بڑھ کر مثال قائم کرنا قابل ستائش ہے۔
احسان مانی نے کہا کہ وسیم خان کے اس عمل سے واضح ہوتا ہے کہ وہ صرف ایک اچھے رہنما ہی نہیں بلکہ وہ سابق و موجودہ کھلاڑیوں اور دیگراسٹیک ہولڈرز کی فلاح و بہبود کا خیال رکھتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وسیم خان نے ہمیشہ پاکستان کی کرکٹ سے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ بھی اسی کی ایک مثال ہے۔
انہوں نے کہا مجھے امید ہے کہ وسیم خان کی جانب سے فراخدلی کا یہ مظاہرہ ان مشکل حالات میں ضرورت مند کرکٹرز کی مدد کرے گا۔
Comments are closed on this story.